السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترم معزز مفتی صاحب میرا سوال ہے کہ ہمارے ہاں جب زمین کی تقسیم ہوتی ہے تو بہنیں حصہ نہیں لیتیں، بہنوں کو ان کا حصہ دینا ضروری ہے نہ دینے والا گناہگار ہے مگر کئی دفعہ کہنے کے باوجود کچھ بہنیں حصہ نہیں لیتیں ایسی صورت میں کیا اس بہن کا حق مارا گیا ہے یعنی گناہگار ہے؟؟؟؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
میراث کوحصہ داروں میں تقسیم کرنا شریعت کا حکم ہے، جس کی تعمیل ضروری اور لازمی ہے،اس لیے شرعا بہنوں سمیت سب ورثاء کو ان کا مقرر کردہ حصہ دینا ضروری ہے۔زورزبردستی یا معاشرتی دباؤ کے ذریعہ کسی وارث کو اپنا حصہ ء میراث نہ لینے یا دوسرے ورثاء کو ہدیہ (گفٹ) کردینے پر مجبور کرنا شرعاً سخت ناجائز اور سراسر ظلم ہے۔ البتہ اگر بہنیں یا کوئی اور وارث کسی رسم ورواج کے دباؤ میں آئے بغیر، واقعی دلی رضامندی کے ساتھ اپنا حصہ دوسرے سب ورثاء یا کسی خاص وارث کو دینا چاہے تو شرعا اس کی بھی گنجائش ہے ۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ذیل میں دیئے گئے دو طریقوں میں سے کوئی ایک طریقہ اختیار کیا جائے:
1۔ بہن کا حصہ الگ کیا جائے اوراسے اپنے حصہ کا قبضہ اور مکمل اختیار دیا جائے اور اس کے بعد بہن اپنی خوشی و رضامندی سے اپنا حصہ چھوڑدے ، اس میں رسم ورواج کا دخل بھی نہ ہو تو اس صورت میں بھائی گناہ گا ر نہیں ہوں گے۔
2۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ باقی ورثہ بہن کو کوئی چیز دیں اور بہن اس کے عوض میراث میں اپنے حصہ کو معاف کردے تو یہ درست ہے ،اس لیے کہ یہ بیع ہے اور مشاع چیز کی بیع جائز ہے۔