میری زرعی زمین ہے، اگر میں اس میں سے شریعت کے مطابق اپنی زندگی میں ہر ایک کا حصہ الگ الگ کرلوں، لیکن قبضہ میری وفات کے بعد ہوگا، کیونکہ میں اپنی زندگی میں نان ونفقہ اس زمین سے پورا کرتا ہوں۔ کیا شریعت میں اس کی اجازت ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
زندگی میں اولاد کے درمیان جائیداد کی تقسیم ہبہ (گفٹ) ہے۔ اور ہبہ مکمل قبضہ کیے بغیر پورا نہیں ہوتا، اس لیے اگر آپ اپنی مذکورہ زمین میں سے اپنے بچوں کا حصہ الگ الگ کردیں لیکن ان کو قبضہ نہ دیں تو یہ ہبہ تام نہیں ہوگا اور آپ کی وفات کے بعد مذکورہ زمین آپ کے ترکہ میں شامل ہوکر تمام ورثاء کے درمیان ان کے میراث کے شرعی حصوں کے مطابق تقسیم ہوگی۔ اس لیے اگر آپ اپنی زندگی میں جائیداد بیٹوں اور بیٹیوں کو ہبہ (گفٹ) کرنا چاہتے ہیں تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ اس زمین کا کچھ حصہ اپنے نان نفقہ کے لیے اپنی ملکیت میں رکھیں اور باقی زمین اولاد کے درمیان تقسیم کرکے ہر ایک کو اس کے حصے پر قبضہ دیدیں۔ اس طرح تقسیم میں شرعاً بہتر یہ ہے کہ بیٹوں اور بیٹیوں سب کو برابر حصہ دیں، تاہم اگر میراث کے اصول کے مطابق بیٹوں کو بیٹیوں سے دوگنا دینا چاہیں تو اس کی بھی اجازت ہے۔