70298 | غصب اورضمان”Liability” کے مسائل | متفرّق مسائل |
سوال
میں ایک پرائیویٹ ادارے میں ملازمت کرتا ہوں اور سیریز پوسٹ پر ہوں۔ میں نے ادارے کے کاغذ پر ادارے کے پرنٹر سے اپنے لیے کچھ فائلیں اور کتابیں پرنٹ کروائیں جس کا میرے ادارے کو معلوم نہیں، میرے ساتھ کام کرنے والے کچھ افراد کو معلوم ہے۔ مجھے نہ تو ادارے کی طرف سے اور نہ ہی ساتھ کام کرنے والے افراد کی طرف سے کوئی پریشانی ہے، لیکن میں اپنی غلطی کا ازالہ کرنا چاہتا ہوں۔ ان چیزوں کے برابر ایک رقم میں پہلے ہی اپنے ادارے کے مالکان کی طرف سے ثواب کی نیت سے صدقہ کرچکا ہوں۔
اسی ضمن میں ایک بات یہ ہے کہ اگر غصہ یا غلطی کی وجہ سے کسی کو میری طرف سے کوئی تکلیف پہنچ جائے اور مجھے اس کا پتہ معلوم نہ ہو کہ اس سے جاکر معافی مانگ لوں تو اس کا ازالہ کیسے کروں؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
ادارے کا کاغذ، پرنٹر اور دیگر وسائل ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرنا جائز نہیں۔ ادارے کے وسائل استعمال کرکے اس کے بقدر رقم صدقہ کرنے سے آپ کا ذمہ فارغ نہیں ہوا، وہ صدقہ آپ کی طرف سے ہوا۔ اب آپ کے لیے حکم یہ ہے کہ اگر ادارے نے اس سلسلے میں اپنے ملازمین کے لیے کوئی ضابطہ مقرر کیا ہو تو اس کے مطابق عمل کریں، اور اگر ایسا کوئی ضابطہ نہیں ہے تو آپ نے جتنے صفحات پرنٹ کروائے ہیں، اس پر مارکیٹ میں جتنا خرچہ آتا ہو، اتنی رقم ادارے میں جمع کرانا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ توبہ اور استغفار اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا عزم بھی کرلیں۔
اگر آپ سے کسی کو تکلیف پہنچے تو حتی الامکان کوشش کرنی چاہیے کہ وہ بندہ مل جائے اور اس سے معافی تلافی ہو، لیکن اگر باوجود کوشش کے وہ نہ مل سکے تو اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنے کے ساتھ اس کے لیے استغفار اور دعا کا اہتمام کریں تا کہ اللہ تعالیٰ اس کے دل میں آپ کے لیے معافی کے جذبات پیدا کریں، نیز کچھ صدقہ خیرات کرکے اس کا ثواب اس کو بخش دیں۔
حوالہ جات
۔۔
عبداللہ ولی غفر اللہ لہٗ
دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی
29/صفر المظفر/1442ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | عبداللہ ولی | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |