70400 | جائز و ناجائزامور کا بیان | جائز و ناجائز کے متفرق مسائل |
سوال
درج ذیل اسکیم سے متعلق شرعی حکم مطلوب ہے۔اس اسکیم کا فارمیٹ سوال کے ساتھ ملحق ہے۔
اسکیم میں شامل ہونے کی تفصیل درج ذیل ہے۔
- 3عدد موٹر سائیکل یا جنریٹر کے آئل کی خریداری کرنی ہوگی۔
- انعامات کے لیے قرعہ اندازی ہر 500 کسٹمرز کی تعداد مکمل ہونے پر کی جائے گی۔
- انعامات کی ٹوٹل تعداد 101 ہے۔جس میں ہنڈا CG125 موٹر سائیکل اور دیگر 100 قیمتی انعامات شامل ہوں گے۔
- قرعہ اندازی میں شامل ہونے کے لیے ممبر شپ کارڈ لینا لازمی ہے۔
- خواہشمند حضرات اسکیم میں شامل ہونے کے لیے فارم پر کریں۔
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
صورت مسؤولہ میں شرعی حکم کے اعتبار سے تین صورتیں ہوں گی جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔
۱۔ اسکیم میں شامل ہونے کے لیے اگر ممبر شپ کارڈ حاصل کرنے کی کوئی فیس نہ ہو تو یہ اسکیم بلاشبہ جائز ہے۔
۲۔ اسکیم میں شامل ہونے کے لیے اگر ممبر شپ کارڈ کی فیس وصول کی جائےاور اس فیس کے عوض میں کوئی معتد بہ خدمات وغیرہ بھی دی جائیں اور ساتھ اس اسکیم میں شامل ہونے کا موقع بھی فراہم کیا جائے تو بھی جائز ہے۔
البتہ جواز کی ان دونوں صورتوں میں یہ ضروری ہے کہ موٹر سائیکل یا جنریٹر کی خریداری مارکیٹ ریٹ سے زیادہ پر نہ ہو ورنہ جواز کی یہ دونوں صورتیں بھی ناجائز ہوں گی۔
۳۔اگر ممبر شپ کارڈ کی فیس تو وصول کی جائے لیکن اس فیس کے عوض کوئی معتد بہ خدمات وغیرہ نہ ہوں تو اس اسکیم کا حصہ بننا جوے (Gambling) کی ایک صورت ہونے کی وجہ سے ناجائز ہے۔
حوالہ جات
المبسوط للسرخسي - (ج 11 / ص 32)
هذا تعليق استحقاق المال بالخطر وهو قمار والقمار حرام في شريعتنا…
مجمع الأنهر في شرح ملتقى الأبحر - (ج 3 / ص 373)
تعليق الاستحقاق بخروج القرعة قمار وكذا تعيين المستحق بخروج القرعة…
البحر الرائق شرح كنز الدقائق - (ج 25 / ص 1)
لأن القمار من القمر الذي يزاد تارة وينقص أخرى وسمي القمار قمارا ؛ لأن كل واحد من القمارين ممن يجوز أن يذهب ماله إلى صاحبه ويجوز أن يستفيد مال صاحبه فيجوز الازدياد والنقصان في كل واحدة منهما فصار ذلك قمارا وهو حرام بالنص…
واللہ سبحانہ و تعالی أعلم
محمد حمزہ سلیمان
دارالافتا ء،جامعۃالرشید ،کراچی
١١ /ربیع الاول ۱۴۴۲ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد حمزہ سلیمان بن محمد سلیمان | مفتیان | آفتاب احمد صاحب / سیّد عابد شاہ صاحب |