021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
مؤکل اگردو طلاقوں کا کہے اوروکیل تین لکھوائے تو کتنی طلاقیں واقع ہوں گی؟
73733طلاق کے احکامصریح طلاق کابیان

سوال

کیافرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ

    میں بیرونِ  ملک ملازمت کے سلسلے میں رہتاہوں اورمیری وائف پاکستان میں ہے، میں اپنی بیوی کوکسی وجہ سے طلاق دینا چاہ رہا تھا اس لیے میں نے پاکستان میں میں موجود اپنے انکل کو دو طلاق کے پیپر بنوانے کا کہا لیکن انہوں اپنی طرف سے وکیل سے  طلاق کے تین پیپربنواکر مجھے ای میل کئے جب میں نے تین پیپر دیکھے تو میری ان سے بحث ہوئی کہ آپ نے تین پیپر کیوں بنوائیں میں نے تو دو کا کہاتھا ،اس پرانہوں نے کہا کہ جتنی طلاقیں بھیجنی ہے بھیج دو باقی کو رہنے دو، میں نےدو پیپراستعمال کئے اورآخری کو نہیں بھیجا،البتہ غلطی سے پرنٹ مجھ سے وہ تینوں ہوگئے تھے، کیونکہ وہ ایک  ہی فائل میں تھے اوریہ بھی مجھے یاد نہیں کہ میں نے سائن کرتے وقت تیسرے پر بھی سائن کئے تھے یانہیں؟ بہر حال یہ تو اچھی طرح یا دہے کہ تیسرا پیپر بھیجا نہیں تھا جبکہ دستخط کے بارے میں شک ہے،پیپر تیارہونے کے بعد میں نے اپنی بیوی کو دو نوٹسوں کےساتھ واٹسپ پر طلاق دی اوردوسری طلاق کے بعد میں نے وائف کو کہاتھا کہ اب میں تیسری طلاق نہیں دونگا، کیونکہ میں نے دوطلاق دینی تھی اورمجھے نہیں پتہ تھا کہ تین نوٹس پرنٹ کروانے یاصرف سائن کرکے اپنے پاس رکھنے سے بھی طلاق ہوجاتی ہے ۔

اب پوچھنا یہ ہے کہ

مذکورہ بالاحالات کی روشنی میں میری  بیوی پر کتنی طلاقیں ہوئی ہیں ؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

جب آپ  نےصرف دو طلاق کے پیپر بنوانےکا کہاتھا توپھر انکل کےاپنی طرف سے تین طلاقوں کے پیپربنوانےسے اورآپ کی طرف ای میل کرنےسے اورآپ  کے پرنٹ لینے سے تیسری طلاق نہیں ہوئی ،اس لیے کہ نہ  تو آپ نے ان  کوتیسری طلاق کا حکم دیاتھا اورنہ ہی اس پر یقینی طورپر دستخط کئےہیں جیسے کہ آپ نے لکھاہے،ہاںشک آپ کو ضرورہے مگر شک سے شرعاًکوئی چیز ثابت نہیں ہوتی ،لہذا اس تحریر  سے تیسری طلاق نہیں ہوئی۔

سوال سے معلوم ہوتاہے کہ پہلے آپ نے اپنے انکل کو دو طلاقوں کے پیپر بنوانے کا کہا اورجب پیپر آپ تک پہنچے توپھر آپ نے واٹس اپ میسج کے ذریعے ان طلاقوں کی خبربیوی کو دی تواگرمعاملہ ایسی ہے کہ واٹسپ کے اس میسج سے آپ کا مقصد پیپر والی تحریری طلاقوں کی خبردیناتھی،اور کوئی اور طلاق واقع کرنامقصد نہیں تھا توپھرمسئولہ صورت میں دیانةً آپ کی بیوی پرصرف طلاقیں واقع ہوئی ہیں ، تیسری نہیں ہوئی ،کیونکہ پیپر ملنے کے بعدصرف اس  پیپرمیں موجودطلاق کی خبرآپ  نے میسج کے ذریعے    بیوی کو دی ہے ،اس میسج سے کوئی نئی طلاق دینے کا ارادہ نہیں کیا، تاہم اگران واٹسپ میسجزسےآپ کا ارادہ ان دو طلاقوں کے علاوہ اورطلاق واقع کرناتھی،یاآپ کو علم نہیں تھا کہ طلاق کے پیپروں پر دستخط کرنے سے بھی طلاق ہوجاتی ہے اورآپ سمجھیں کہ طلاق کےپیپروں پرچونکہ دستخط کرنے سےطلاق نہیں ہوئی اس لیے طلاق کا میسج کردیتاہوں تو پھر تین واقع ہوجائیں گی،کیونکہ  پیپروں سےپہلے ہی دو ہوچکی ہیں اورایک اب واقع ہوگئی جائے گی اورایک لغو ہوجائے گی کیونکہ شرعی طلاقیں تین سے زیادہ نہیں ہوتی ۔

جہالت شریعت  میں عذرنہیں لہذا اگرچہ آپ کو معلوم نہ تھاکہ طلاق کے پیپروں پر دستخط کرنے سے بھی طلاق ہوجاتی ہےتب بھی واٹس کے مسجزوں سے(بشرطیکہ آپ کی نیت خبردینے کی نہ ہو) طلاق واقع ہوگی۔

حوالہ جات
ویقبل قولہ إن ادعاہ وأنکرتہ۔ (الدر المختار مع الشامي ۴؍۲۶۸ زکریا)
ولو قال لامرأتہ: أنت طالق، فقال لہ رجل: ماقلت؟ فقال: طلقتہا، أو قال قلت: ہي طالق، فہي واحدۃ في القضاء؛ لأن کلامہ انصرف إلی الإخبار بقرینۃ الاستخبار۔ (بدائع الصنائع، کتاب الطلاق، فصل النیۃ في طلاق الکنایۃ، زکریا۳/۱۶۳، کراچي۳/۱۰۲، فتاوی عالمگیري.

سیدحکیم شاہ عفی عنہ

 دارالافتاء جامعۃ الرشید

27/12/1442ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

سید حکیم شاہ صاحب

مفتیان

آفتاب احمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب