021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
وکیل کا آگےکسی کو کمیشن پر وکیل مقرر کرنا
75900وکیل بنانے کے احکاممتفرّق مسائل

سوال

ایک سال گزرنے کے بعد محمد اسد نے اپنے بڑے بھائی محمد مظہر کے ذریعے میری آٹھ کنال زمین بیچ دی، اور مجھے یہ بتایا کہ  یہ زمین سینتیس لاکھ کی میرے بھائی کے ذریعے  بک رہی ہے، میں نے شروع میں انکار کیا مگر جب انہوں نے  اصرار کیا کہ پارٹی سے ڈیل ہو گئی ہے اور معاملہ  تقریبا طے ہو گیاہے تو میں نے  بھی رضامندی کا اظہار کر کے اس گھر کے کاغذات وغیرہ اور انتقال خریدار کی طرف منتقل کر دیے۔

بعد میں پتہ چلا کہ محمد مظہر نے وہ زمین چالیس لاکھ کی بیچی ہے، اور مجھے غلط اطلاع دی گئی کہ سینتیس لاکھ کی زمین بیچی گئی ہے، جب مجھے معلوم ہوا کہ زمین چالیس لاکھ کی بیچی گئی ہے تو میں نے محمد مظہر سے مزید تین لاکھ کا مطالبہ کیا کہ میری زمین کی بقایا رقم بھی مجھے ادا کریں،  محمد مظہر کا کہنا کہ میرے بھائی نے مجھے مالکانہ حقوق دیے ہوئے تھے، اس لیے میں نے چالیس لاکھ میں فروخت کر کے  سینتیس لاکھ بھائی کو ادا کر کے تین لاکھ اپنا کمیشن رکھا ہے، لہذا وہ تین لاکھ میرے ہی ہیں ۔

سوال یہ ہے کہ  محمد مظہر کے مالکانہ حقوق کی شرعاکیا حیثیت ہے؟ جبکہ مالک میں تھا، زمین میرے قبضہ اور میرے استعمال میں تھی،میں نے محمد اسد یا محمد مظہر کو کسی بھی طرح کے مالکانہ حقوق نہیں دیے تھے۔

کیا شرعا محمد مظہر کا تین لاکھ روپے رکھنا جائز ہے؟ جبکہ محمد مظہر نہ تو پراپرٹی کاکوئی کام کرتاہے اور نہ ہی اس طرح کے معاملات  میں داخل ہوتا ہے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

کسی چیز پر مالکانہ حقوق اسی شخص کو حاصل ہوتے ہیں جس شخص کی ملکیت میں وہ چیزہو، لہذا آپ کی اجازت کے بغیر محض محمد اسد کے کہنے سے محمد مظہر  کو آپ کی زمین میں کسی بھی  طرح کے مالکانہ حقوق حاصل نہیں ہوئے۔

چنانچہ صورت مسئولہ میں محمد مظہر کے مالکانہ حقوق  کے دعوی کی شرعا کوئی حیثیت نہیں، اسے محض وکیل کے طور پر  زمین بیچنے کا اختیار حاصل تھا، نیزمحمد مظہر کا تین لاکھ روپے رکھنا بھی  جائز نہیں، کیونکہ ذکر کردہ صورت کے مطابق  آپ نے  محمد اسد کو محض زمین بیچنے کی اجازت دی تھی، اس زمین پر کسی بھی طرح کے کمیشن رکھنے کا  نہ تو کوئی تذکرہ ہواتھا اورنہ ہی آپ نے اس طرح کی  اجازت دی تھی، لہذا محمد اسد خود یا اس کا کوئی وکیل زمین کی رقم سے کمیشن لینے کاحقدارنہیں ہے۔

محمد اسد اور محمد مظہر کےدرمیان اگر وکالت پر  کسی طرح کی کوئی اجرت طے ہوئی تھی تو محمد اسد کو محمد مظہر سے ہی مطالبے کاحق ہے، زمین کی رقم سے وصولی کا حق نہیں۔

حوالہ جات
مجلة الأحكام العدلية (ص: 285)
المادة (1467) إذا شرطت الأجرة في الوكالة وأوفاها الوكيل استحق الأجرة , وإن لم تشترط ولم يكن الوكيل ممن يخدم بالأجرة كان متبرعا. فليس له أن يطالب بالأجرة.

سعد مجیب

دارلافتاء جامعۃ الرشید کراچی

۴ رجب ۱۴۴۳

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

سعد مجیب بن مجیب الرحمان خان

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب