021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
مڈاھڑ راجپوت تنظیم کے لوگو (Logo) کا حکم
80030جائز و ناجائزامور کا بیانجائز و ناجائز کے متفرق مسائل

سوال

عرض ہے کہ راجپوت کمیونٹی کی ایک تنظیم ہے، جس کا نام انہوں نے اپنے ایک قبیلے یعنی گوت کے نام کے مطابق "مڈاھڑ راجپوت تنظیم پاکستان" رکھا ہے، اور اس تنظیم نے اپنا ایک لوگو (LOGO) بنایا ہے۔ لوگو کے ڈیزائن کی تفصیل یہ ہے کہ زرد زعفرانی رنگ کی پگڑی ہے، اور اُس پر سفید چاند، ستارہ ہے۔ لوگو کی شیلڈ کے بیچ میں گھوڑا اور تلوار کی شبیہ ہے اور اُس کے اوپر سورج کی کرنیں ظاہر کی گئی ہیں۔ لوگو بنانے والے نے جس خیال سے بنایا ہے، وہ یہ ہے کہ:

1. گھوڑا اور تلوار راجپوت برادری کی بہادری اور شجاعت کو ظاہر کرتا ہے۔

2. پگڑی بھی راجپوتوں کی پہچان ہے، اور اس پر چاند، ستارہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ مسلمان راجپوت پاکستانی ہیں۔

3. جیساکہ سیرت کی کتب سے معلوم ہوتا ہے کہ جنگِ بدر میں خدا کی طرف سے صحابہ رضی اللہ عنہم کی مدد و نصرت کے لیے اترنے والے بعض فرشتوں نے زرد رنگ کے عمامے پہنے تھے، اور یہ رنگ بھی بہادری کا نشان ہے، اس لیے اس نسبت سے زرد رنگ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

4. سورج کی کرنیں اور شعاع یہ ظاہر کرتی ہیں کہ اتفاق و اتحاد کے ذریعے ہی برادری کی ترقی اور خوشحالی کا سورج طلوع ہوگا۔

لیکن کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ لوگو میں جو سورج ہے، وہ درحقیقت اس سورج کی شبیہ ہے جس کی  ہندو پوجا کرتے تھے، اور تاریخ کی کتابوں میں بھی یہ بات موجود ہے کہ ہندو راجپوتوں کے آباء و اجداد سورج کی پوجا کرتے تھے۔ لیکن ایسا لوگو ہندو راجپوتوں نے پہلے کبھی استعمال نہیں کیا۔ نیز ایسا لوگو بنانے والے کی بھی کوئی ایسی نیت نہ تھی جو شریعت کے مخالف ہو، یہ تو محض ایک تنظیم کی علامت کے طور پر بنایا گیا ہے، جوکہ راجپوتوں کی شجاعت و بہادری، پاکستانی مسلم راجپوتوں کی ترقی و خوشحالی کے طلوعِ آفتاب کی امید ظاہر کرنے کی طرف اشارہ ہے۔

برائے کرم، قرآن و حدیث کی روشنی میں وضاحت کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

آپ نے سوال میں لوگو (Logo) کے بارے میں جو تفصیل بیان کی ہے، اُس کے مطابق اگرچہ لوگو بنانے والے کا مقصد "گھوڑے" کے ذریعے بہادری اور "سورج" کے ذریعے اتفاق و اتحاد بتانا ہے، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ راجپوتوں کا اصل مذہب "سوریہ" تھا، یعنی راجپوتیوں کا خدا جس کی وہ عبادت کرتے آئے ہیں، وہ "سورج" ہے، اور راجپوت لوگ گھوڑا بھی سورج کے نام پر قربان کرتے رہے ہیں، چنانچہ ویکیپیڈیا میں مذکور ہے:

"راجپوتوں کا سب سے بڑا دیوتا سورج تھا۔ وہ اس کی پرستش کرتے اور اس کو راضی رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، اور اس کے نام پر اشو مید (گھوڑے کی قربانی) کرتے تھے، اور اسی کے نام پر لڑتے تھے اور جان دیتے تھے۔ وہ اسے "سوریہ" کہتے تھے۔"

اس لیے چونکہ سورج اور گھوڑا اُس مذہب کی نشانی ہے جو راجپوتوں کا اصل مذہب رہا ہے، لہٰذا احتیاط کا تقاضا یہ ہے کہ لوگو (Logo) کا ڈیزائن تبدیل کردیا جائے۔

حوالہ جات
سنن الترمذي (4/668):
عن الحسن بن علي: ما حفظت من رسول الله صلى الله عليه وسلم؟ قال: حفظت من رسول الله صلى الله عليه وسلم: «دَعْ مَا يَرِيبُكَ إِلَى مَا لَا يَرِيبُكَ».

محمد مسعود الحسن صدیقی

دارالافتاء جامعۃ الرشید، کراچی

03/رمضان المبارک/1444ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمد مسعود الحسن صدیقی ولد احمد حسن صدیقی

مفتیان

آفتاب احمد صاحب / سیّد عابد شاہ صاحب