82811 | میراث کے مسائل | میراث کے متفرق مسائل |
سوال
اگر میں بیوی کو زندگی میں وہ گھر جس میں ہم رہ رہے ہیں تحفہ میں دے دوں تو ایسی صورت میں اگر اس کا مجھ سے پہلے انتقال ہوگیا تو اس کے حصہ دار کون ہوں گے ؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
اگرآپ اپنا رہائشی گھر اپنی بیوی کوزندگی میں بطورِ ہدیہ/ہبہ دے دیں اور پھر اس کا آپ سے پہلے انتقال ہو جائے تو اس کے بقیہ ترکہ سمیت یہ گھر بھی اس کے ورثاء میں ان کے شرعی حصوں کے مطابق تقسیم ہو گا، جس میں سے ایک چوتھائی حصہ آپ کو، دو تہائی اس کی چاروں بیٹیوں کو اور بقیہ ترکہ اس کے دیگر ورثاء کو ملے گا۔
نیزواضح رہے کہ ہبہ کے شرعا مکمل ہونے کے لیے گھر خالی کر کے مالک بنانے کی نیت سے باقاعدہ قبضہ دینا ضروری ہے، جس کی ایک صورت یہ ہو سکتی ہے کہ آپ گھر میں موجود اپنا ذاتی سامان بیوی کے پاس بطورِ عاریت رکھوا کر یہ کہہ دیں کہ میں نے یہ گھر آپ کو ہبہ کے طور پر دے دیا یا دوسری صورت یہ کہ آپ یہ گھر معمولی قیمت کے عوض بیوی کو فروخت کر دیں اور پھر اس کی قیمت اس کو معاف کر دیں تو ان دونوں صورتوں میں بیوی اس گھر کی مالک بن جائے گی۔
حوالہ جات
الدر مع الشامية ج:5،ص:290،کتاب الهبة،ط:ايچ، ايم، سعید:
(وتتم) الهبة (بالقبض) الكامل (ولو الموهوب شاغلاً لملك الواهب لا مشغولاً به) والأصل أن الموهوب إن مشغولاً بملك الواهب منع تمامها، وإن شاغلاً لا، فلو وهب جرابًا فيه طعام الواهب أو دارًا فيها متاعه، أو دابةً عليها سرجه وسلمها كذلك لاتصح، وبعكسه تصح في الطعام والمتاع والسرج فقط؛ لأنّ كلاًّ منها شاغل الملك لواهب لا مشغول به؛ لأن شغله بغير ملك واهبه لايمنع تمامها كرهن وصدقة؛ لأن القبض شرط تمامها وتمامه في العمادية".
الدر المختار وحاشية ابن عابدين (5/ 692) دار الفكر-بيروت:
وفي الجوهرة: وحيلة هبة المشغول أن يودع الشاغل أولا عند الموهوب له ثم يسلمه الدار مثلا فتصح لشغلها بمتاع في يده.
فقه البيوع للشيخ محمد تقي العثماني(399/1) مكتبة معارف القرآن كراتشي:
اشترط الفقهاء لصحة تسليم الدار أن يكون خالية من أمتعة البائع، فإن كانت مشغولة بها لايتحقق القبض حتى يفرغها، ولكن جاء في الفتاوي الهندية عن فتاوى أبي الليث: فإن أذن للمشتري بقبض الدار والمتاع، صح التسليم، لأن المتاع صار وديعة عند المشتري.
محمد نعمان خالد
دارالافتاء جامعة الرشیدکراچی
18/رجب المرجب 1445ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | محمد نعمان خالد | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب |