021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
صاف پانی کی لائن میں اگر گٹر کا پانی شامل ہو جائے تو کیا حکم ہے؟
59061پاکی کے مسائلپانی کے مسائل

سوال

گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے ہمارے علاقے ڈالمیا میں پانی کی لائن میں گٹر کا پانی آرہا ہے، 15 گلیوں میں سے گلی نمبر 1 سے 10 تک یہ گندا پانی آتا ہے، پانی کی سپلائی 40 سے 50 منٹ کی ہوتی ہے، جب صاف پانی بند ہو جاتا ہے تو نامعلوم مقام سے گٹر کا پانی اس لائن میں آ کر ٹھہر جاتا ہے، پھر جونہی پینے کا پانی کھلتا ہے تو تو پہلے 5 سے 7 منٹ تک گندا پانی آتا ہے۔ 1۔ اگر تھوڑا سا پانی بھی کسی ٹینکی میں آ جائے تو اس پانی کے پاک یا ناپاک ہونے کے کیا اصول ہیں، حوض کا شرعی رقبہ کیا ہے، فٹ میں واضح کریں؟ 2۔ اگر شروع کا پانی ٹینکی میں نہ گرنے دیا جائےتو کیا جو پانی بظاہر گندا یا بدبودار نہیں ہے، وہ پاک ہے؟ (میرے علم کے مطابق سائنسی یا اصولی طور پر شروع سے آخر تک گندا پانی صاف پانی کے ساتھ آئے گا، کیونکہ پانی کی اندرونی کشش یا (Ejection) کی بنا پر گٹر کا پانی صاف پانی کے ساتھ ضرور آئے گا، لیکن گٹر کے پانی کا تناسب انتہائی کم ہونے کی بنا پر پانی کی رنگت غیر متغیر رہے گی، اور بدبو بھی ختم ہو جائے گی۔ 3۔ دونوں صورتوں میں یا کسی بھی صورت میں یہ بات اگر واضح ہو جائے کہ پانی ناپاک ہےتو پچھلی نمازیں لوٹانے کے متعلق شرعی احکامات واضح کریں، خاص طور پر ہماری مسجد کی باجماعت نمازیں؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

پانی کی پائپ لائن جاری پانی ہے، اسی طرح وہ حوض جس کا رقبہ (یعنی لمبائی ضرب چوڑائی،ماسوا گہرائی کے)225 مربع فٹ یا اس سے زیادہ ہو، جاری پانی کے حکم میں ہے، جاری پانی میں جب تک نجاست کا اثر ظاہر نہ ہو وہ پاک ہوتا ہے،البتہ جس حوض کا رقبہ اس مقدار سے کم ہو اس میں تھوڑی سی نجاست گرنے سے بھی وہ ناپاک ہو جاتا ہے، خواہ نجاست کا اثر پانی میں ظاہر ہو یا نہ ہو۔ صورتِ مسئولہ میں صاف پانی کی لائن میں جب گٹر کا پانی شامل ہوا تو یہ جاری پانی میں نجاست کا شمول ہے، اس صورت میں اگر نجاست کا اثر ظاہر ہوا ہو تو پانی ناپاک تھا، اور اگر اثر ظاہر نہیں ہوا تو پانی پاک تھا۔ان اصولوں کی روشنی میں آپ کے سوالات کے جوابات درج ذیل ہیں: 1۔ پانی کی لائن میں آنے والے پانی میں اگر نجاست کا اثر ظاہر ہو اور یہ پانی کسی ایسے حوض/ٹینک میں گر جائے جس کا رقبہ 225 مربع فٹ سے کم ہو تو یہ سارا حوض /ٹینک ناپاک ہو جائے گا، لیکن اگر یہ نجاست کے اثر والا پانی ایسے حوض/ٹینک میں آئے جس کا رقبہ 225 مربع فٹ یا اس سے زائد ہو تو پھر نجاست والا پانی گرنے کے بعداس حوض /ٹینک کے پانی کو دیکھا جائے گا، اگر اس میں نجاست کا اثر ظاہر ہوا تو ناپاک، اور اثر ظاہر نہ ہونے کی صورت میں حوض/ٹینک پاک ہوگا۔ 2۔ پاک ہوگا،کیونکہ پانی کی لائن کا پانی، جاری پانی ہوتا ہے، اس میں اگر اتنی کم نجاست شامل ہو کہ پانی میں نجاست کا اثر ظاہر نہ ہو تو یہ پانی پاک ہے۔ 3۔ اگر ایسےپانی سے وضو کیا گیا تھاجو مندرجہ بالا اصولوں کے مطابق ناپاک تھا، یا ایسے حوض کے پانی سے وضو کیا گیا تھا جسے ناپاک ہونے کے بعد شرعی طریقے کے مطابق پاک نہیں کیا گیا تھا، تو ایسے وضو/غسل سے ادا کی گئی نمازوں کی قضاء واجب ہے۔ خواہ گھر میں ادا کی ہوں یا مسجد میں، انفراداً ادا کی ہوں یا جماعت کے ساتھ۔(نوٹ: حوض / ٹینکی کو پاک کرنے کے مفصل طریقے کے لئے ملاحظہ کریں:تسہیل بہشتی زیور، ج1، ص188، کتاب گھر)
حوالہ جات
فی الدر المختار (ج1، ص617، دارالثقافۃ والتراث): "( وينجس ) الماء القليل ( بموت مائي معاش بري مولد ) في الأصح ( كبط وإوز ) وحكم سائر المائعات كالماء في الأصح ، حتى لو وقع بول في عصير عشر في عشر لم يفسد ، ولو سال دم رجله مع العصير لا ينجس خلافا لمحمد ذكره الشمني وغيره ( وبتغير أحد أوصافه ) من لون أو طعم أو ريح ( ينجس ) الكثير ولو جاريا إجماعا ، أما القليل فينجس وإن لم يتغير خلافا لمالكؒ ۔"فقط
..
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

عمران مجید صاحب

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / سعید احمد حسن صاحب