ایسی کمائی جس کی تنخواہ میں کمیشن ملتاہواس کے بارے میں کیاحکم ہے؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
ملازم کاوظیفہ مقررکرنےکےبعدکام میں دلچسپی اوررغبت بڑھانے اورمطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے الگ سے متعین طورپر کچھ اضافی رقم طے کرلی جائے تویہ بھی وظیفہ کاحصہ ہے اوراس کالینادرست ہے،تاہم اگرمجازاتھارٹی کی طرف سے ملازم کے لئے باقاعدہ کام کی اجرت ایک متعین رقم کی صورت میں طےکردی گئی ہوتواس مفوضہ کام کوکرناملازم کے لئے ضروری ہوجاتاہے،اگراس ملازم کومتعلقہ ذمہ داری پوراکرتےہوئے کسی اورجگہ سے کسی قسم کاکمیشن ملتاہے تویہ صرف اس وقت اس کے لئے حلال ہوگا جب کہ اس کوخودمالک یامستاجر نے اس کی اجرت میں پہلے سے مقررکردیاہویااس طرح کمیشن کالینااس کے علم اوراجازت کے ساتھ ہو۔بصورت دیگراس کمیشن اورڈسکاؤنٹ کاحقداروہ متعلقہ کمپنی یاشخص ہوتاہے جس کایہ ملازم ہے،ملازم کے لئے اس کمیشن کواپنے پاس رکھناجائزنہیں ہوتا،اسی طرح اس مفوضہ کام کوپوراکرنےاورانجام دہی میں کسی بھی قسم کی رقم کامطالبہ کرناجائزنہیں ،یہ رشوت کے حکم میں آتا ہے۔