021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
بلا فروختگی انتقال ملکیت کے کاغذات بنانےکا حکم
73674خرید و فروخت کے احکامخرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل

سوال

میرے پاس ایک صاحب آئے ان کا زمین کا تنازع تھا کسی کے ساتھ،ان کا دکان کی خرید وفروخت کا معاملہ تھا ان کو آدھا مرلہ انتقال ضرورت تھا جو کہ میرے پاس موجود تھا کالونی بنانے کی وجہ سے اضافی انتقال جو راستوں کی صورت میں ہوتا ہے، انہوں نے مجھ سے کہا کہ اگر آپ ہمیں آدھا مرلہ کا انتقال دے دیں تو ہمارا مسئلہ حل ہو سکتا ہے میں نے اس بناء پرانکار کر دیا کہ میرا دل مطمئن نہیں کہ میرا یہ انتقال کسی غلط مقصد کے لئے استعمال ہو سکتاہے یعنی خدانخواستہ آپ کی دکان کا جو اضافی رقبہ ہے وہ کسی کا ہو اور اگر میں انتقال آپ کودوں بغیر قیمت کے بھی تو شاید یہ کسی کے ساتھ زیادتی ہو۔ اس کے بعد ان صاحب نے میری کالونی میں کسی اور سے ایک عدد پلاٹ خریدا اور اس میں سے آدھا مرلہ انتقال اس دکان والےکو دے دیا اب ان کی دکان کا مسئلہ تو ختم ہو گیا لیکن اب پلاٹ میں سے آدھا مرلہ کا انتقال کم ہو گیا اب وہ صاحب پھر میرے پاس آئے کہ اب تو یہ شبہ بھی ختم ہو گیا کہ آپ کا اضافی آدھا مرلہ کا انتقال کسی غلط مقصد یا کسی غلط جگہ استعمال ہو گا اب ہمیں آدھا مرلہ کا اضافی انتقال دے دیجئے،لیکن میں نے اس دفعہ بھی انکار کر دیا چونکہ وہ صاحب خود عالم ہے اور ایک مدرسہ اور ایک مسجد کا انتظام خود چلاتے ہیں اور وہ کسی سے زکوۃ بھی نہیں لیتے اپنے استطاعت کے مطابق مسجد و مدرسہ کا انتظام چلا رہے ہیں اب وہ یہ کہتے ہیں کہ اگر آپ انتقال نہیں دیں گے تو یہ رقم ہمیں نہیں ملے گی اب اگر آپ ہمیں انتقال دیتے ہیں تو یہ رقم ہم مسجد اور مدرسہ پر لگا لیتے ہیں اور اس کا ثواب آپ کو مل جائے گا چونکہ شرعی اعتبار سے بغیر زمین کےصرف انتقال کی فروخت تو جائز نہیں ہے،اگر میں بغیر کسی رقم کے ان کو مفت میں وہ انتقال دیتا ہوں اور وہ رقم جو ان کو اس انتقال کے بدلے میں ملے اگر وہ رقم مدرسہ کی ضروریات پر لگائی جائے تو اس میں کوئی مضائقہ ہے؟ برائے مہربانی اگر جلدی جواب مل جائے تو بہت شکرگزار ہوں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

اگر اس میں قانونی طور پر کوئی ممانعت نہ ہوتوکسی کےحق کی حفاظت کے لیے شرعا اس طرح کرنے کی گنجائش ہے،البتہ اس کے بے غبارجواز کی یہ صورت ممکن ہے کہ اول آپ  ان سے وعدہ کریں کہ اگر وہ آپ کوآدھا مرلہ زمین ہبہ کردے یا معمولی عوض میں فروخت کردیں تو اس کے بعدحسب وعدہ آپ انہیں اس آدھا مرلہ کو ہبہ یا سابقہ قیمت پر فروخت کر کے اس کا انتقال بھی دے دیں گے تو اس طرح کرنا بھی جائز ہے۔

حوالہ جات
۔۔۔۔۔۔

نواب الدین

دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی

۲ذی الحجہ ۱۴۴۲ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

نواب الدین صاحب

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب