021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
نقل اوردینی مواد یااسماءمقدسہ کی بےادبی کے ساتھ حاصل ڈگری کا حکم
75632جائز و ناجائزامور کا بیانغیبت،جھوٹ اور خیانت کابیان

سوال

مفتی صاحب! مجھےمندرجہ ذیل مسئلہ کےبارے میں فتوی کی جلد ضرورت ہے،براہ کرم جلدجواب ارسال فرما دیں۔مسئلہ کچھ اس نوعیت کاہے کہ میں نے اوپن یونیورسٹی سے پاک سٹڈی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے،مگر پیپروں کے دوران امتحانی حال میں بہت نقل ہوتی اورکتابوں کی بے ادبی ہوتی تھی،ہمارے مضامین میں بھی کچھ دینی معلومات اوراسلامک ہسڑی ہوتی تھی،ایک بار مجھ سے ٹیچر نے نقل پکڑی جس پر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا نام لکھا تھا اور انھوں نے وہ کاغذ ایک تھیلا میں ڈال دیا جس میں سارے کاغذ جمع کر کے وہ کباڑیے پر بیچ دیتے تھے،مجھے بہت احساس ہواکہ مجھ سے بہت بڑا گناہ ہو گیا ہےاور بہت توبہ کی کہ آئندہ بے ادبی سے بچوں گی،مگر پھر بھی شاید پوری طرح سے نہ بچ سکی،کبھی ہمیں نیچے بٹھا دیا جاتا اور کچھ لڑکیوں کواوپر,اوران کے پاؤں کتاب سے اوپر ہوتے،اس پر بھی مجھے بے ادبی کا گمان ہوتا،نیز کئی لڑکیاں اسلامیات کی کتابوں کو پھاڑ چیر رہی ہوتیں, کوئی نیچے دبا دیتیں،غرض ہر کوئی دنیاوی نمبروں کی دوڑ میں ہوتا،میں نے اپنی دوستوں کواس برے فعل سے روکنے کا فرض بھی ادا نہیں کیا،دل میں برا رورجانتی تھی،مگر پتہ نہیں زبان سے کچھ نہ کہہ سکتی تھی،ارادہ بھی کیا تھا کہ داخلہ کینسل کروا دوں اور آئندہ سال پیپر دینے نہ جاؤں،مگر اس پر عمل نہ کر سکی اور توبہ کو پوری طرح نہ نبھا سکی،اس کے علاوہ مجھے ادب, بےادبی کا وہم بھی بہت ہے،بعض  معاملات میں شاید بےادبی ہوتی ہے یا نہیں،مگر میرے دل میں بہت وہم ہوتا ہے کہ کہیں گناہ تو نہیں ہو رہا ہو گا؟

اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا میں اس ڈگری کاجو میں نے اس بے ادبی کے گناہ کے ساتھ حاصل کی (اس کا)استعمال ٹیچنگ کی جاب کے لئے کر سکتی ہوں،جبکہ میں نے پوری ایمانداری کے ساتھ ورکشاپ بھی اٹینڈ کیں،اسائنمنٹس بھی خود لکھیں, فیس بھی جمع کروائی،مجھے یہ خیال ہوتا ہے کہ اگر میں اس ڈگری کا استعمال کروں گی توساری زندگی مجھے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کی بےادبی اور اسی طرح تمام دیگر بےادبیوں کاگناہ ملتا رہے گا۔کیا میں اس ڈگری کو دنیاوی فائدے کےلئے استعمال کر سکتی ہوں؟جبکہ اب میں سچی توبہ کر چکی ہوں اور اس کے بعد میں نے کبھی ایسی حرکت نہیں کی،بہت بار پکاارادہ کرتی ہوں کہ اس ڈگری کا استعمال نہیں کروں گی،مگرپھر دنیاوی فائدہ سامنےآجاتا ہے،براہ کرم درست رہنمائی فرما دیں۔

یاد رہے کہ میرا سوال صرف بے ادبی سے متعلق ہے،نقل سے متعلق نہیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

امتحان میں نقل کے دوران دینی  مواد کا اس طرح استعمال  گناہ درگناہ ہونے کی وجہ سے بالکل ناجائز ہے،لہذا اس سے توبہ واستغفار لازم ہے،باقی جس معاملہ کا بے ادبی ہونا  عرف میں معین نہ ہو تو ایسے معاملات میں بے ادبی نہ کرنے کاقصد ہونا ضروری ہے،اس کے بعدبے ادبی کے خیالات کا اعتبار نہیں۔

 باقی ایسی ڈگری سے ملازمت کے حصول کے بارے میں تفصیل یہ ہے کہ  متعلقہ شعبہ ومضمون میں قابلیت  واستعداد کی بنیاد ہو تو شرعی حدود کی پابندی کے ساتھ ملازمت جائز ہے اور تنخواہ بھی حلال ہوگی، لیکن  جعلی یامحض نقل سے پاس کردہ سرٹیفکیٹ کے ذریعہ ملازمت حاصل کرنا جھوٹی گواہی کے زمرے میں داخل ہونے کا گناہ ہوگااورجزوی نقل کی صورت میں دھوکہ دہی کا گناہ ہوگا۔

حوالہ جات
۔۔۔۔۔۔

نواب الدین

دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی

۲۵جمادی الثانی۱۴۴۳ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

نواب الدین صاحب

مفتیان

آفتاب احمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب