021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
خلوت فاسدہ کی عدت میں نکاح ثانی کا حکم
75880طلاق کے احکامعدت کا بیان

سوال

السلام علیکم مفتی صاحب درج ذیل مسئلے کا آسان الفاظ میں جواب عنایت کیجئے۔ جزاک اللہ ایک لڑکی کا کم علمی کی وجہ سے نکاح پر نکاح کردیا گیا۔(پہلے شوہر سے طلاق نہیں لی گئی) رخصتی نہ پہلے شوہر کے ساتھ ہوئی اور نہ دوسرے کے ساتھ۔اب مسئلہ معلوم ہونے پر پہلے شوہرسے طلاق لے لی گئی ہے ۔ (لڑکی غیر مدخولہ ہے لیکن خلوت صحیحہ کے بارے میں شک ہے کہ ہوئی تھی یا نہیں۔ کیونکہ دونوں ایک دفعہ ذاتی گاڑی میں ایک سڑک سے گزرے جس پر اسوقت شاید اور کوئی گاڑی نہیں تھی یا اکا دکا گاڑیاں تھیں اوروہ سڑک عام سڑک کے مقابلے میں کم استعمال ہوتی ہے ۔ یہ دونوں وہاں رکے بغیر گزر گئے اور یہ سردی کا موسم اور عصر اور مغرب کا درمیانی وقت تھا۔ صرف ایک دوسرے کاہاتھ پکڑا ہوا تھا اور میسج پر میاں بیوی والی ہر طرح کی گفتگو ہوتی رہی تھی۔) جس لڑکے سے دوسرا نکاح کیا اسے یہ سب نہیں بتایا گیا۔ یہ خیال تھا کہ تین ماہواری گزرنے کے بعد دوسرےشوہر کووجہ بتائےبغیر نکاح کی تجدیدکرلیں گے۔اب دوسراشوہر ملنے کے لئےآتارہتاہے،دونوں باہر بھی جاتے ہیں اور لمس اور بوس و کنار بھی ہوجاتا ہے،لیکن ہمبستری کبھی نہیں کی۔ اور دونوں کچھ ذاتی تصاویر بھی بھیجتےرہتے ہیں ایک دوسرے کو):

 1۔کیا پہلے شوہر سے طلاق کے بعد عدت ہوگی جبکہ لڑکی غیر مدخولہ ہے اور پہلے شوہر کے ساتھ ہمبستری نہیں ہوئی؟

2۔اگر عدت ہوگی تو کیا اس عدت کے دوران دوسرے شوہر کے لمس یا بوس و کنار کے بعد عدت نئے سرے سے دوبارہ شروع کرنی ہوگی،جبکہ لڑکی ابھی تک دوسرے شوہر کے ساتھ بھی غیر مدخولہ ہی ہے؟

 3۔ تین ماہواریاں گزارنے کے بعد دوسرے شوہر کو یہ سارا مسئلہ بتائے بغیر محض نئے حق مہر کے ساتھ اس کے ساتھ تجدید نکاح کر لیا جائے تو کیا یہ نکاح منعقد ہو جائے گا؟

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

۱۔۲۔رخصتی سے قبل نکاح کے بعد ایسی ملاقات خلوت فاسدہ ہے، لیکن اس کے بعد طلاق دینے سے عدت واجب ہوگی،(احسن الفتاوی:ج۵،ص۴۴۶)اور پہلے شوہر کی عدت کے دوران دوسرے شوہر کی خلوت صحیحہ یا فاسدہ ہونے کی صورت میں متارکت مع عدت لازم ہوگی اور  دونوں  عدتوں میں تداخل ہوگا، البتہ اگر عورت اسی دوسرے شوہر  جس سے نکاح فاسد ہوا، دوبارہ نکاح کرنا چاہے تو عدت ثانیہ سے پہلے بھی ہوسکتا ہےلیکن کسی دوسرے مرد سے نکاح کے لیے دوسری عدت کا گزرنا بھی ضروری ہے۔(احسن الفتاوی:ج۵،ص۱۹) واضح رہے کہ محض نکاح کے بعد رخصتی سے قبل  سؤال میں مذکورطرز عمل   خلاف شرافت،بلکہ نہایت قبیح ،بالخصوص صورت مذکورہ میں واجب الترک  بھی ہے۔

 ۳۔جی ہوجائے گا۔

حوالہ جات
۔۔۔۔۔

نواب الدین

دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی

۶رجب۱۴۴۳ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

نواب الدین صاحب

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب