021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
یتیم نواسوں اور نواسیوں کو نانا کی میراث میں حصہ ملے گا یا نہیں؟
78901میراث کے مسائلمیراث کے متفرق مسائل

سوال

زید کے سات بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں، دو بیٹیوں کا انتقال زید کی زندگی میں ہوا، ان کی اولاد ہیں۔ کچھ عرصہ بعد زید کا بھی انتقال ہوا۔ سوال یہ ہے کہ جن دو بیٹیوں کا انتقال زید کی زندگی میں ہوا تھا، ان کی اولاد کو زید کے مرنے کے بعد اس کی جائیداد میں حصہ ملے گا یا نہیں؟

نوٹ: جب زید کا انتقال ہوا تو قانون کے مطابق اس کی زمین کا کچھ حصہ ان دو بیٹیوں کے نام بھی منتقل ہوا جو زید کی زندگی میں فوت ہوئی تھیں، پھر ان سے ان کے بچوں کے نام منتقل ہوا۔ پھر زید کے بیٹے زمین بیچ رہے تھے تو انہوں نے اپنی دونوں فوت شدہ بہنوں کے بچوں سے دستخط لے کر زمین کا وہ حصہ اپنے نام کرلیا۔  

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

صورتِ مسئولہ میں زید کی جن دو بیٹیوں کا انتقال اس کی زندگی میں ہوا تھا، وہ اور ان کی اولاد زید کے مرنے کے بعد شرعا اس کے ورثا میں شامل نہیں ہیں؛ اس لیے مذکورہ زمین سمیت زید کے باقی ترکہ میں وہ میراث کے حصے کا مطالبہ نہیں کرسکتے۔ یہ زمین اور باقی ترکہ زید کے ان ورثا کے درمیان تقسیم ہوگا جو اس کی وفات کے وقت زندہ تھے۔ لہٰذا اگر زید کے انتقال کے بعد اس کی زمین کا کچھ حصہ قانونی طور پر بطورِ میراث فوت شدہ بیٹیوں کے نام بھی منتقل ہوا تھا اور ان سے پھر ان کی اولاد کے نام منتقل ہوا تھا تو اس نام ہونے سے وہ اس کے مالک نہیں بنے ہیں، وہ زمین زید کے ورثا ہی کی ہے۔     

حوالہ جات
القرآن الکریم، [النساء: 11]:
{يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلَادِكُمْ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَيَيْنِ فَإِنْ كُنَّ نِسَاءً فَوْقَ اثْنَتَيْنِ فَلَهُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَ}.  
صحيح مسلم (3/ 1233):
حدثنا عبد الأعلى بن حماد (وهو النرسي) حدثنا وهيب عن بن طاوس عن أبيه عن ابن عباس قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: ألحقوا الفرائض بأهلها، فما بقي فهو لأولى رجل ذكر.
ردالمحتار(6/ 758):
وشروطه ثلاثة: موت مورث حقيقة أو حكما كمفقود أو تقديرا كجنين فيه غرة، ووجود وارثه عند موته حيا حقيقة أو تقديرا كالحمل، والعلم بجهة إرثه.

عبداللہ ولی غفر اللہ لہٗ

  دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی

  18/جمادی الآخرۃ/1444ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

عبداللہ ولی

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب