021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
انویسٹمنٹ کمپنی میں سرمایہ کاری کا حکم
79336مضاربت کا بیانمتفرّق مسائل

سوال

ہم لوگوں سے انویسمنٹ لیتے ہیں،وہ انویسٹمنٹ ہم کارڈ مارکیٹنگ میں لگاتے ہیں ،یہ بزنس مختلف ریسٹورنٹ کی مارکیٹنگ کا ہے،جس میں ممبرشپ کارڈ چھپوائے جاتے ہیں اور بیچے جاتے ہیں،ان میں سارے کمیشن اور تمام چارجز نکال کر جو منافع ہوتا ہےاس کا ایک حصہ تقریباًساٹھ سے ستر فیصد ہم انویسٹر کو دیتے ہیں اورباقی اپنے پاس رکھتے ہیں، اس کے علاوہ بھی ہم اور مختلف کاروبار میں انویسٹمنٹ کے پیسے لگاتے ہیں جن میں کارڈ مارکیٹنگ،کپڑے کی سلائی کا کام،سیل پرچیزنگ اور ای کامرس بھی شامل ہے،انویسٹر کے ساتھ ہم ایگریمنٹ کرتے ہیں کہ ہم آپ کو ہر ماہ آپ کی انویسٹمنٹ کا ۲۰ سے ۲۵ فیصد ریٹرن یا منافع کے طور پر دیں گے۔

            کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ آپ کا یہ کاروبار ناجائز کے زمرے میں آتا ہے ،جس کی وجہ سے ہم کافی پریشان ہیں،برائے مہربانی شریعت کی روشنی میں ہماری رہنمائی فرمائیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

لوگوں سے انویسٹمنٹ کے نام پر رقوم لے کر انہیں نفع کا جھانسہ دینے اور رقوم لے کر فرار ہونے کا سلسلہ ہمارے یہاں قدیم ہے،لہٰذا انویسٹر اور انویسمنٹ لے کر کاروبار کرنے والی کمپنی،دونوں کی خیر خواہی کے لیے مسلسل تجربات کے نتیجے میں کچھ شرائط مقرر کی گئی ہیں، جو کسی انویسٹمنٹ کمپنی کے کاروبار سے متعلق فتوی جاری کرنے کے لیے ضروری ہیں:

1.    کمپنی قانونی ہو اور باقاعدہ رجسٹر ہو، اس کے پاس اس رجسٹریشن کا سرٹیفکیٹ موجود ہو،اس کی رجسٹریشن "نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشن"، "ایسٹ مینجمنٹ کمپنی" یا "فنڈ" کے طور پر ہویا اس کے علاوہ کسی قانونی حیثیت کی حامل ہو اور اسے لوگوں سے انویسٹمنٹ لینے اور نفع دینے کا قانوناً اختیار ہو، اگر اس کے لیے کسی قسم کے لائسنس کی ضرورت ہو تو وہ اس کے پاس ہو، نیز وہ پیسے اسی طریقے سے لے جو قانوناً درست ہو۔

2.     کمپنی کی نگرانی مستند علماء کرام کر رہے ہوں جو اس میدان میں مہارت و تجربہ رکھتے ہوں۔

3.    یہ علماء کرام کمپنی کے افعال اور آمدنی کی نگرانی اور ان کے درست ہونے کا واضح تحریری سرٹیفکیٹ دیں۔

مندرجہ بالا تینوں شرائط بالترتیب دیکھی جائیں، یعنی اگر پہلی نہ پائی جائے تو دوسری اور تیسری کے پائے جانے کا اعتبار نہ ہوگا اور کمپنی کے جواز کا فتوی نہیں دیا جا سکے گا اور اگر دوسری نہ پائی جائے تو تیسری کا اعتبار نہیں ہوگا،لہذا اگر آپ کی کمپنی یہ تینوں شرائط بالترتیب پوری کرتی ہو تو اس کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، لائسنس اور شریعہ سرٹیفکیٹ کی فوٹو کاپیاں ،جس میں سرمایہ کاری حاصل کرنے کا،سرمایہ کاری کرنے کا اورنفع نقصان تقسیم کرنے کا مکمل طریقہ کاردرج ہو،اور نگرانی کرنے والے علماء کرام کے نام سوال کے ساتھ ارسال کر دیں تاکہ ہم تحقیق کر کے جواب دے سکیں۔

حوالہ جات
.....

محمد حمزہ سلیمان

دارالافتا ء،جامعۃالرشید ،کراچی

  ۱۴رجب۱۴۴۴ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمد حمزہ سلیمان بن محمد سلیمان

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب