021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
والدین اور اولاد کے لیے وطن اصلی اور وطن اقامت کا حکم
80599نماز کا بیانمسافر کی نماز کابیان

سوال

زید کی پیدائش ومستقل رہائش کراچی میں اپنے والدین کے ساتھ ہے۔ زید کا سال میں ایک یا دو دفعہ سسرال اور رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے آبائی علاقے (ضلع مانسہرہ) جانا ہوتا ہے۔ وہاں عام طور پر شروع میں دس دن کا قیام خاص مانسہرہ شہر میں ہوتا ہے۔ پھر تقریبا پانچ دن مانسہرہ کی ایک یونین کونسل جبوڑی (آبائی گاؤں) میں جو مانسہرہ شہر سے 40 کلومیٹر دور ہے۔ اس کے بعد آخر میں پانچ دن دوبارہ مانسہرہ شہر میں۔ مانسہرہ اور جبوڑی کی نوعیت یہ ہے کہ مانسہرہ ایک ضلع ہے جو چھ تحصیلوں پر مشتمل ہے۔ اور جبوڑی مانسہرہ کی ایک تحصیل کے تحت یونین کونسل ہے جو مختلف ویلج کونسلز پر مشتمل ہے اور مانسہرہ شہر سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ

1. زید کے والدین تو مانسہرہ آتے ہی مقیم ہوتے ہیں کیونکہ والدین کے لیے مانسہرہ اور کراچی دونوں ہی وطن اصلی ہیں لیکن خود زید وطنیت کے معاملے میں اپنے والدین کے تابع ہوگا یا نہیں؟ اس حوالے سے اولاد کے لیے اصولی حکم کیا ہے؟

 2. نیز مانسہرہ اور جبوڑی میں مجموعی طور پر پندرہ دن گزارنے والا مسافر مقیم بنے گا یا نہیں؟ اور کیا یہ ایک ہی مقام شمار ہوگا یا دو مختلف مقامات؟ کراچی کو اگر دیکھا جائے تو ایک بہت بڑا شہر ہونے کے باوجود ایک ہی مقام شمار ہوتا ہے۔ اس سے یہ ذہن میں آنے لگتا ہے کہ مانسہرہ اور جبوڑی بھی دونوں ایک ہی مقام ہوں اور مذکورہ شخص مقیم کہلائے۔ براہ کرم رہنمائی فرمائیں۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

.1وطن اصلی اس مقام کو کہا جاتا ہے جہاں کسی شخص کی جائے پیدائش اور مستقل سکونت ہواور اس کے اہل و عیال وغیرہ رہتے ہوں۔ نیز بالغ اولاد چونکہ والدین کی تابع نہیں ہوتی، لہذا وطنیت کے بارے میں ان کا مستقل اعتبار کیا جائے گا۔  سوال میں ذکر کردہ تفصیل کے مطابق اگرزید کے والدین نے مانسہرہ کو مستقل طور پر چھوڑنے کا ارادہ نہیں کیا ہے تو ان کے لیے  کراچی اور مانسہرہ دونوں وطن اصلی ہوں گے لیکن زید کی پیدائش ، سکونت وغیرہ سب کچھ کراچی   میں ہے تو اس کا وطن اصلی صرف کراچی ہوگا۔

.2 اگردو آبادیوں کے درمیان میں زرعی زمین ہو یا   بقدر غلوہ (137.16میٹر) خالی میدان  موجود ہو  تو ان دونوں کو مستقل آبادیاں شمار کیا جاتا  ہے۔مانسہرہ اور جبوڑی کے درمیان 40   کلومیٹر کا بڑا فاصلہ موجود ہے نیز سرکاری طور پر بھی ان دونوں کو الگ الگ  آبادیاں شمار کیا جاتا  ہے تو  قصر کے معاملے میں بھی یہ دونوں مستقل آبادیاں شمار ہوں گی۔

حوالہ جات
ماخوذ از احسن الفتاوی(4/73)
الدر المختار (2/ 131)
(الوطن الأصلي) هو موطن ولادته أو تأهله أو توطنه(يبطل بمثله) إذا لم يبق له بالأول أهل، فلو بقي لم يبطل بل يتم فيهما.
حاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 131)
(قوله أو توطنه) أي عزم على القرار فيه وعدم الارتحال وإن لم يتأهل، فلو كان له أبوان ببلد غير مولده وهو بالغ ولم يتأهل به فليس ذلك وطنا له إلا إذا عزم على القرار فيه وترك الوطن الذي كان له قبله شرح المنية.

عبدالقیوم   

         دارالافتاء جامعۃ الرشید

22/ذوالحجہ/1444            

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

عبدالقیوم بن عبداللطیف اشرفی

مفتیان

آفتاب احمد صاحب / سیّد عابد شاہ صاحب

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے