021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
دین کی بنیادی باتیں سیکھنے کے لیےکوئی نصاب یاکتابوں کامجموعہ ؟
80680علم کا بیانعلم کے متفرق مسائل کابیان

سوال

گزارش ہے کہ حضرات علمائے کرام سے سنتے رہتے ہیں کہ دین کی بنیادی اور ضروری باتوں کا علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے، جیسا کہ حدیث پاک میں ہے ”طلب العلم فریضة علی کل مسلم و مسلمة“ لیکن دین کی بنیادی اور ضروری باتوں کی تعیین ہم جیسے عامی مسلمانوں کو معلوم نہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ جس طرح آپ نے دینی مدارس میں پڑھنے والے علمائے کرام کے لئے ایک نصاب مقرر کر رکھا ہے، اس طرح عام مسلمانوں کے لئے بقدر ضرورت دین کا علم سیکھنے کے لیے کوئی نصاب مقرر نہیں۔ اگرچہ حضرات علماء کرام نے دین اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے اُردو زبان میں بہت سی کتابیں اور رسالے تحریر فرمائے ہیں۔ آپ سے درخواست ہے کہ آپ اُردو زبان میں لکھی ہوئی کتابوں کا ایسا مجموعہ تجویز فرمادیں جو عام مسلمانوں کے لیے علم دین سیکھنے کے لئے نصاب کا درجہ رکھتا ہو، اس نصاب کو پڑھ لینے کے بعد آدمی کو دین کی بنیادی اور ضروری باتوں کا علم حاصل ہوجائے اور حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی محولہ بالا حدیث پاک کا منشا بھی پورا ہوجائے ۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

مذکورہ بالاسوال کےجواب میں حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم فتاوی عثمانی میں فرماتےہیں:

بقدر ضرورت دین کا علم حاصل کرنا واقعۃً ہر مسلمان پر فرض ہے، احقر کی رائے میں مطالعے کے دو حصے کرنے چاہیئں:

پہلا حصہ: ابتدائی ضروری معلومات پر مشتمل ہوجن کے بغیر ایک سچے مسلمان کی طرح زندگی گزرنا ممکن نہیں۔

دوسرا حصہ:پہلے حصے کی تکمیل کے بعد ایسے مطالعے پر مشتمل ہو ،جس سے دینی معلومات میں اتنی وسعت اور استحکام پیدا ہوجائے کہ انسان گمراہ کرنے والوں سے گمراہ نہ ہو۔

 پہلے حصے میں احقر کی نظر میں مندرجہ ذیل کتب کا مطالعہ ضروری ہے:

  1. حیاۃ المسلمین مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
  2. فروغ الایمان مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
  3. تعلیم الدین مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
  4. تعلیم الاسلام  مولانامفتی کفایت اللہ رحمہ اللہ
  5. مردوں کے لیے بہشتی گوہر اور عورتوں کے لیے بہشتی زیور مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
  6. جزاء الاعمال مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
  7. سیرتِ خاتم الانبیاء مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ
  8. حکایات صحابہ مولانا محمد زکریا رحمہم اللہ
  9. تاریخ اسلام کامل حضرت مولانا محمد میاں رحمۃ اللہ علیہ
  10. اسوۂ رسول اکرم ﷺ ڈاکٹر عبد الحی عارفی رحمہ اللہ

دوسرے حصے میں مندرجہ ذیل کتب شامل ہونی چاہئیں:

  1. معارف القرآن مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ یا تفسیر ِعثمانی مولانا شبیر احمد عثمانی رحمہ اللہ
  2. معارف الحدیث کامل مولانا منظوراحمد نعمانی رحمہ اللہ
  3. بہشتی زیور کے مسائل مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ یا علم الفقہ مولانا عبد الشکور لکھنوی رحمہ اللہ
  4. عقائد اسلام مولانا ادریس کاندہلوی رحمہ اللہ
  5. شریعت و طریقت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ

ان شا اللہ ان کتابوں کے مطالعے سے دین کی اتنی ضروری معلومات حاصل ہوجائیں گی کہ ان کے بعد اپنی زندگی بھی سنور جائے اور انسان کسی باطل نظریئے سے گمراہ بھی نہ ہو۔                                        ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(فتاوی عثمانی  1158/)

وضاحت :ان کتابوں کےمطالعےکابھی معمول بناناچاہیے،اس کےساتھ ساتھ بہتریہ ہےکہ مختلف تعلیمی بورڈاوردینی مدارس کےحضرات نےاس حوالےسے کورسز مرتب کیےہوئےہیں،ان کورسز کی معلومات لےکران میں داخلہ لیناچاہیےاورکورس میں موجود نصاب کو اساتذہ کرام سےباقاعدہ سبقاپڑھناچاہیےتاکہ ابتدائی معلومات اچھےطریقےسےاورتفصیل کےساتھ معلوم ہوسکیں،اس طرح دین پرعمل کرنااوربھی آسان ہوجائےگا،ذاتی مطالعہ سےبعض دفعہ  کچھ چیزیں سمجھ میں نہیں آتیں،جس کی وجہ سےاشکالات  پیداہوجاتےہیں،اورعمل کرنےکےبجائےمزیدپریشانی کاشکارہوجاتےہیں۔

اوراگر باقاعدہ کسی کورس میں داخلہ لینامشکل ہوتوپھربہترصورت یہ ہےکہ آپ مقامی کسی باصلاحیت مستند عالم دین سے رابطہ رکھیں اور ان کے مشورے سے مطالعہ کی ترتیب قائم کریں۔

چند ادارےجنہوں نےکورسزمرتب کیےہوئےہیں:

مثلا وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سےمرتب شدہ کورس ہے'دراسات دینیہ 'جودو سال پرمشتمل ہے،اس حوالےسےوفاق  المدارس سےملحقہ مدارس سےرابطہ کرکےاس  میں داخلہ لیاجاسکتاہے۔

اسی طرح  ہمارےادارے (جامعۃ الرشیدکراچی )کےماتحت" الاحسان کورسز" کےنام سےایک شعبہ ہے،اس میں بھی دین کی بالکل ابتدائی معلومات سےمتعلق مختلف کورسز مرتب کیےگئےہیں مثلا علوم القرآن ،علوم الحدیث ،علوم الفقہ وغیرہ ،متعلقہ شعبہ سےمعلومات کرکےاس میں  بھی داخلہ لیاجاسکتاہے۔

حوالہ جات
۔

محمدبن عبدالرحیم

دارالافتاءجامعۃ الرشیدکراچی

25/ذی الحجۃ      1444ھج

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمّد بن حضرت استاذ صاحب

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / سعید احمد حسن صاحب