021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
نیٹ ورک مارکیٹنگ کی کمائی اور اس سے اپنی فیس وصول کرنے کا حکم
81288جائز و ناجائزامور کا بیانخریدو فروخت اور کمائی کے متفرق مسائل

سوال

میں نے دو ماہ پہلے ایک نیٹ ورک مارکیٹنگ کمپنی میں اکاؤنٹ بنایا۔ کمپنی کی شرائط و ضوابط کے مطابق کام شروع کیا، کمیشن کی مد میں رقم موصول ہونا شروع ہوگئی۔ بعض فتاویٰ دیکھ کر معلوم ہوا کہ یہ کام ناجائز ہے تو اس میں مزید کام کرنا بند کردیا۔

اکاؤنٹ کی رجسٹریشن تک میرے 3,500/= روپے خرچ ہوئے۔ سوال یہ ہے کہ کیا میں 3,500/= روپے واپس وصول کرنے تک کام جاری رکھ سکتا ہوں؟ مزید یہ کہ میرے اکاؤنٹ کے نیچے جتنے لوگ کام کرتے رہیں گے، ان کی کمیشن خود بخود میرے اکاؤنٹ میں آتی رہے گی، اس رقم کا کیا حکم ہے؟  

تنقیح: سائل نے فون پر بتایا کہ اس کمپنی میں میرا کام صرف اور صرف مزید لوگوں کو ممبر بنانے کا ہے، اسی پر مجھے پیسے ملتے ہیں۔ میں اب تک چار ممبر لاچکا ہوں جس کے بدلے مجھے دو ہزار روپے ملے ہیں۔  معلومات کی حد تک کمپنی کا باقاعدہ اپنا کوئی اکاؤنٹ رجسٹرڈ نہیں، بلکہ گولڈن ممبرز سے مختلف اکاؤنٹ نمبر ملتے ہیں جو کہ جاز کیش، ایزی پیسہ یا کسی اور بنک اکاؤنٹ کی صورت میں پرسنل اکاؤنٹ ہوتے ہیں، ان پر نیا بننے والا ممبر اپنی رجسٹریشن فیس اور ایکٹیویشن فیس جمع کرواتا ہے جسے گولڈن ممبر وصول ہونے کے بعد سسٹم میں اپڈیٹ کر دیتے ہیں۔ مجھے یہ نہیں معلوم کہ ان اکاؤنٹس میں صرف ممبر بننے والے لوگوں سے وصول کی جانے والی رقوم ہی ہوتی ہیں یا کمپنی والوں کی اپنی رقم بھی ہوتی ہے۔ ہمیں کمیشن ایک خاص کوڈ کی شکل میں ملتا ہے جو گولڈن ممبر ہمیں دیتے ہیں، وہ خاص کوڈ اپنے پروفائل میں لگانے سے وہاں فیصدی تناسب سے پروفائل میں بیلنس کی صورت ظاہر ہو جاتی ہے. جسے withdraw آپشن کی صورت میں جب چاہیں اپنے بنک  اکاؤنٹ میں منتقل کرسکتے ہیں۔

اگر میں مزید کام نہیں کرتا اور اپنے اکاؤنٹ کے نیچے موجود ممبران کی وجہ سے ملنے والے کمیشن کو بند کرنے کے لیے اپنا اکاؤنٹ ختم کرنا چاہوں تو اس کو ختم نہیں کرسکتا۔ جب تک میرے اکاؤنٹ کے نیچے والے لوگ کام کریں گے، پیسے خود بخود میرے اکاؤنٹ میں آئیں گے۔ البتہ میرے کمپنی اکاؤنٹ میں جو پیسے آئیں گے، وہ میرے بینک اکاؤنٹ میں اس وقت منتقل ہوں گے جب میں withdraw کروں گا، یعنی کمپنی سے کہوں گا کہ یہ رقم میرے بینک اکاؤنٹ میں بھیج دیں، اگر میں withdraw نہ کروں تو میرے کمپنی کے اکاؤنٹ/ پروفائل میں تو وہ پیسے لکھے ہوئے نظر آئیں گے، لیکن میرے بینک اکاؤنٹ میں منتقل نہیں ہوں گے۔  

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

نیٹ ورک مارکیٹنگ میں اکاؤنٹ بنانے پر جو رقم لی جاتی ہے، وہ شرعی اعتبار سے رشوت کے زمرے میں آتی ہے، اور لینے والے کی ملکیت نہیں بنتی۔ اس لیے آپ کے لیے کمپنی سے اپنی رقم واپس لینا جائز ہے، لیکن اس مقصد کے لیے نئے ممبر بنانا جائز نہیں؛ کیونکہ اپنا حق وصول کرنے کے لیے ناجائز کام کرنا درست نہیں۔ البتہ اب تک ممبر بنانے کے عوض جو 2,000 روپے آپ کو مل چکے ہیں، وہ اپنے 3,500 روپے رجسٹریشن فیس کی مد میں رکھ سکتے ہیں، اسی طرح کمپنی آپ کو آپ کے اکاؤنٹ کے نیچے کام کرنے والوں کی وجہ سے جو رقم دے، اس میں سے اپنے باقی 1,500 روپے وصول کرسکتے ہیں؛ کیونکہ جب نئے ممبران کی فیس گولڈن ممبرز کے اکاؤنٹس میں جاتی ہے اور وہاں سے کمپنی کے سسٹم میں اپڈیٹ ہو کر آپ کو اس میں سے کمیشن کے نام سے رقم ملتی ہے تو گویا آپ کو معلوم نہیں کہ یہ رقم خالص ممبران سے لی جانے والی فیس (جو کمپنی کے لیے جائز نہیں) سے دی جا رہی ہے یا ان اکاؤنٹس میں کمپنی یا گولڈن ممبرز کی اپنی رقم بھی ہوسکتی ہے اور یہ رقم مخلوط مال سے دی جا رہی ہے، اور جب آپ کو یہ بات معلوم نہیں تو آپ کے لیے اس طرح کمپنی سے اپنا حق وصول کرنا جائز ہے۔ البتہ اپنے 3,500  روپے رجسٹریشن فیس وصول کرنے کے بعد مزید رقم لینا آپ کے لیے جائز نہیں ہوگا۔  

جہاں تک آپ کے اکاؤنٹ کے نیچے کام کرنے والے لوگوں کی آمدنی آپ کے پاس آنے کا تعلق ہے تو جب پروفائل سے withdraw کیے بغیر رقم آپ کے بینک اکاؤنٹ میں نہیں آتی تو آپ پروفائل میں نظر آنے والی رقم withdraw نہ کریں، تاکہ آپ کے پاس ناجائز رقم نہ آئے۔  

حوالہ جات
فقه البیوع:(273/1):
من المقرر أن العاقد لايجوز له أن يطالب العاقد الآخر عوضاعن مجرد دخوله في العقد علاوةًعلي مايستحقه بالعقد؛فإنه رشوة.
الدر المختار (6/ 423):
 الرشوة لا تملك بالقبض.
رد المحتار (6/ 423):
قوله ( لا تملك بالقبض ) فله الرجوع بها.
المبسوط للسرخسي (5/ 339)
صاحب الحق إذا ظفر بجنس حقه كان له أن يأخذه.
المبسوط للسرخسي (11/ 233)
صاحب الحق متى ظفر بجنس حقه من مال المديون يكون له أن يأخذه.

عبداللہ ولی غفر اللہ لہٗ

  دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی

26/صفر المظفر/1445ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

عبداللہ ولی

مفتیان

سیّد عابد شاہ صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے