82766 | میراث کے مسائل | میراث کے متفرق مسائل |
سوال
میں اپنے رشتہ دار کی وراثت کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں۔ مرحوم کے پاس صرف ذاتی گھر تھا اور خود ریٹائرڈ اور ہر ماہ پنشن آتی تھی، ان کے گھر میں ان کی زوجہ اور 4 بیٹیاں ہیں جن میں سے دو کی شادی ہوچکی ہے،مرحوم کے تین بھائی تھے جن میں ایک بھائی کا وصال مرحوم کی زندگی میں ہوچکا ہےاور 4 بہنیں ہیں۔اب مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ جائیداد کی تقسیم کیسےہوگی؟اورپنشن جوہرماہ میں موصول ہوتا ہے،اس میں بھی کس کس کا حصہ ہوگا؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
پنشن کی رقم تو حکومت کی طرف سے تعاون کی ایک صورت ہے ،لہذا پنشن کی جو رقم مرحوم کی زندگی میں اس کے قبضہ میں آگئی یا اس کے اکانٹ میں منتقل ہوگئی وہ تو مرحوم کے ترکہ میں شامل ہوگی،البتہ جو رقم مرحوم کی وفات کے بعد ملے وہ ترکہ میں شامل نہیں،بلکہ سرکاری کھاتے سےجس نام سےجاری ہوتاہے،اسی کا ہے۔لہذاموجودہ قانون کےمطابق ایسی رقم بیوہ اوراس کی غیرشادی شدہ بچیوں کے درمیان برابر تقسیم ہوگی،شادی شدہ بیٹیوں کااس میں کوئی حصہ نہیں ہوگا۔سب سے پہلےمرحوم کے ترکہ سے اس کےکفن ودفن کے اخراجات ادا کئے جائیں گے، بشرطیکہ کسی وارث نے اپنی طرف سے ادا نہ کئے ہوں، اس کے بعد اس کے ذمہ واجب حقوق اگر ہوں تو ان کو ادا کیا جائے گا،اس کے بعد اگر اس نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو ایک تہائی تک اس کو پورا کیا جائے گا۔اس کے بعد باقی ترکہ کو 192 برابر حصوں میں تقسیم کریں گے جن میں سے24 حصے(12٫5 فیصد یعنی آٹھوں حصہ) بیوہ کوملیں گےاور (66٫6666فیصد یعنی دو تہائی ترکہ) بیٹیوں میں برابر تقسیم ہوگا یعنی ہر بیٹی کو 192 میں سے 32 حصے (16٫6666 فیصد)ملیں گےاورباقی ترکہ (20٫8333فیصد) بہن بھائیوں میں اس طرح تقسیم ہوگا کہ ہر بھائی کو 10اور ہر بہن کو 5 حصےملیں گے۔یعنی ہربھائی کو 5٫2083 فیصد اور ہر بہن کو 2٫6041 فیصد ملےگا۔
حوالہ جات
۔۔۔۔۔۔
نواب الدین
دار الافتاء جامعۃ الرشید کراچی
۱۶رجب۱۴۴۵ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | نواب الدین | مفتیان | سیّد عابد شاہ صاحب / سعید احمد حسن صاحب |