82839 | ذکر،دعاء اور تعویذات کے مسائل | رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود وسلام بھیجنے کے مسائل ) درود سلام کے ( |
سوال
ہمی پڑھنے کے لیے دعا ؤں کی کتابوں اوران کے مصنفین کے نام بتائیں ؟
اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ
اسلام میں دعا کی بڑی اہمیت ہے ،آپ ﷺ نے دعا کو عبادت کا مغز قرار دیا ہے ،اس وجہ سے اہل علم حضرات نے آپ ﷺ سے منقول دعاؤں کو مختلف کتب میں جمع کیا ،دعاؤں کی چند متداول معتبرکتب درج ذیل ہیں :
1-حصن حصین ،امام محمد بن محمد الجزری کی مسنون ادعیہ واذکار پر مشتمل مشہور ومعروف کتاب ہے،اردو زبان میں اس کے کئی تراجم موجود ہیں جن میں عدۃ الحصن الحصین از مولانا ڈاکٹر عبد الحلیم چشتی صاحب اور حصن حصین مع اردو ترجمہ از مولانا محمد عاشق الہی بلند شہری سرفہرست ہے۔
2-مناجات مقبول از مولانا اشرف علی تھانوی صاحب، قرآن وسنت سے ماخوذ وماثور اذکار ودعاؤں کا مجموعہ ہے،یہ کتاب اردو ترجمہ کے ساتھ بھی تمام بڑے کتب خانوں سے بآسانی میسر ہوجاتا ہے ۔
3- الدعاء المسنون از مفتی محمد ارشاد قاسمی صاحب ،یہ کتاب بھی مسنون دعاؤں کا مجموعہ ہےجو زمزم پبلشرز کراچی کا شائع کردہ ہے۔
4-پرنور دعائیں از مفتی محمد تقی عثمانی صاحب،جو اہم اور مؤثر دعاؤں پر مشتمل حضرت کا دوران سفر مرتب کردہ رسالہ ہے اور چارحصوں پر مشتمل ہے،ادارۃ المعارف کراچی نے اس کی طباعت کا اہتمام کیا ہے۔
5-برکات مکیہ از مولا نا موسی روحانی بازی رحمہ اللہ ،یہ درود شریف کا بہترین مجموعہ ہے،اور سات حصوں پر مشتمل ہیں ، ہر دن کے لیے ایک حصہ مقرر کیا گیا ہے جو بآسانی ہفتہ میں ختم ہوجاتی ہے۔
اس کے علاوہ فضائل دعاازمولا نا عاشق الہی بلند شہری رحمہ اللہ اور مستند مجموعہ وظائف ازمولانا حنیف عبدالمجیدصاحب مصدقہ از مفتی نظام الدین شامزئی صاحب بھی مسنون اذکار ودعاؤں کا بہترین مجموعہ ہے۔
حوالہ جات
حدثنا علي بن حجر قال: أخبرنا الوليد بن مسلم، عن ابن لهيعة، عن عبيد الله بن أبي جعفر، عن أبان بن صالح، عن أنس بن مالك، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: "الدعاء مخ العبادة".
(سنن الترمذي:5/ 456)
قَالَ الْغَزَالِيُّ: فَإِنْ قِيلَ: فَمَا فَائِدَةُ الدُّعَاءِ مَعَ أَنَّ الْقَضَاءَ لَا مَرَدَّ لَهُ؟ فَاعْلَمْ أَنَّ مِنْ جُمْلَةِ الْقَضَاءِ رَدُّ الْبَلَاءِ بِالدُّعَاءِ، فَالدُّعَاءُ سَبَبٌ لِرَدِّ الْبَلَاءِ وَوُجُودِ الرَّحْمَةِ، كَمَا أَنَّ التُّرْسَ سَبَبٌ لِدَفْعِ السِّلَاحِ، وَالْمَاءَ سَبَبٌ لِخُرُوجِ النَّبَاتِ مِنَ الْأَرْضِ، فَكَمَا أَنَّ التُّرْسَ يَدْفَعُ السَّهْمَ فَيَتَدَافَعَانِ، كَذَلِكَ الدُّعَاءُ وَالْبَلَاءُ.
(مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح:4/ 1529)
رفیع اللہ
دار الافتاءجامعۃ الرشید کراچی
ٓ15رجب المرجب1445ھ
واللہ سبحانہ وتعالی اعلم
مجیب | رفیع اللہ غزنوی بن عبدالبصیر | مفتیان | فیصل احمد صاحب / شہبازعلی صاحب |