021-36880325,0321-2560445

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

ask@almuftionline.com
AlmuftiName
فَسْئَلُوْٓا اَہْلَ الذِّکْرِ اِنْ کُنْتُمْ لاَ تَعْلَمُوْنَ
ALmufti12
ڈیبٹ کارڈ پر ملنے والے ڈسکاؤنٹ کا حکم
80546خرید و فروخت کے احکامخرید و فروخت کے جدید اور متفرق مسائل

سوال

بعض اوقات بینک ڈیبٹ کارڈ استعمال کرنے پر ڈسکاؤنٹ دیتا ہے، جیسے ریسٹورنٹ یا خریداری پر 20% 30%ڈسکاونٹ ، کیا اس ڈسکاونٹ کو استعمال کرنا جائز ہے؟

 نوٹ: میرے پاس دو اکاؤنٹس ہیں ایک میزان بینک میں اور دوسرا حبیب میٹرو بینک میں ،کسی بھی اکاؤنٹ میں کوئی سودی لین دین نہیں ہے۔

اَلجَوَابْ بِاسْمِ مُلْہِمِ الصَّوَابْ

غیر سودی بینک جو مستند علماء اور مفتیانِ کرام کے زیر نگرانی کام کرتے ہیں ان کے ڈیبٹ کارڈ پر ملنے والے ڈسکاؤنٹ کا استعمال تو حلال ہے،چاہے ڈسکاؤنٹ بینک کی جانب سے ہو یا اس ادارے کی جانب سے جس سے خریداری کا معاملہ کیا جارہا ہے،سیونگ اکاؤنٹ ہونے کی صورت میں تو اس لئے کہ اس میں بینک اور صارف کے تعلق کا مدار مضاربت،شرکت یا وکالت بالاستثمار پر ہوتا ہے،قرض پر نہیں،لہذا اسے قرض پر نفع نہیں قرار دیا جاسکتا،جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ کی صورت میں اگرچہ بینک اور صارف کا تعلق قرض کی بنیاد پر ہوتا،لیکن درج ذیل وجوہ سے پھر بھی اس کی گنجائش معلوم ہوتی ہے:

1۔یہ ڈسکاؤنٹ مشروط نہیں ہوتا،یعنی اکاؤنٹ کھلواتے وقت اس قسم کی آفر دینے کی کوئی شرط نہیں ذکر کی جاتی،بلکہ بینک ایسی آفر دینے میں بااختیار ہوتا ہے۔

2۔ یہ ڈسکاؤنٹ تمام ڈیبٹ کارڈ ہولڈر صارفین کے لئے ہوتا ہے،چاہے ان کا کرنٹ اکاؤنٹ ہو یا سیونگ،جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ سہولت قرض کی بنیاد پر نہیں،بلکہ بینک کا کسٹمر ہونے کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔

جبکہ سودی بینکوں کے ڈیبٹ کارڈ (Debit Card)کے استعمال پر ملنے والے ڈسکاؤنٹ کے جائز اور ناجائز ہونےکی تفصیل درج ذیل ہے :

1۔ اگر ڈسکاؤنٹ  مکمل طور پر بینک کی طرف سے ہو، تو اس صورت میں اس رعایت کا حاصل کرنا شرعاً ناجائز ہوگا، کیوں کہ یہ رعایت بینک کی طرف سے کارڈ ہولڈر کو اپنے بینک اکاؤنٹ کی وجہ سے مل رہی ہے، جو شرعاً قرض کے حکم میں ہے اور جو فائدہ قرض کی وجہ سے حاصل ہوتا ہے، وہ سود کے زمرے میں آتا ہے۔

2۔ اگر اس ادارے کی جانب سے ہو، جہاں سے کچھ خریدا گیا ہے یا وہاں کھانا کھایا گیا ہے، تو یہ اس ادارے کی طرف سے تبرع و احسان ہونے کی وجہ سے جائز ہوگا۔

3۔ اگر ڈسکاؤنٹ مشترکہ طور پر دونوں کی طرف سے ہو، تو بینک کی طرف سے دی جانے والی رعایت کا حصول جائز نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ میزان بینک غیر سودی ہے،جبکہ حبیب میٹرو سودی بینک ہے۔

حوالہ جات
"بدائع الصنائع " (7/ 395):
"(وأما) الذي يرجع إلى نفس القرض: فهو أن لا يكون فيه جر منفعة، فإن كان لم يجز، نحو ما إذا أقرضه دراهم غلة، على أن يرد عليه صحاحا، أو أقرضه وشرط شرطا له فيه منفعة؛ لما روي عن رسول الله - صلى الله عليه وسلم - أنه «نهى عن قرض جر نفعا» ؛ ولأن الزيادة المشروطة تشبه الربا؛ لأنها فضل لا يقابله عوض، والتحرز عن حقيقة الربا، وعن شبهة الربا واجب ".

محمد طارق

دارالافتاءجامعۃالرشید

02/ذی الحجہ1444ھ

واللہ سبحانہ وتعالی اعلم

مجیب

محمد طارق غرفی

مفتیان

آفتاب احمد صاحب / محمد حسین خلیل خیل صاحب

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے